مزیدصوبوں کا سوال: ایموشنل بلیک میلنگ نا منظور

مزیدصوبوں کا سوال: ایموشنل بلیک میلنگ نا منظور
میجر (ر) ساجد مسؔعود صادق نظامی
23 مارچ 1843ء کو شہید ہونے والے تالپور فوج کے سپہ سالار اور سندھ کے تاریخی ہیرو “ہوش محمد شیدی” نے انگریزوں کے خلاف لڑتے ہوئےصدیوں پہلے ایک نعرہ لگایا “مرسوں مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں۔” یہی وہ نعرہ اور نیریٹیو ہے جس کا پیپلز پارٹی کی قیادت نے کئی بار پاکستانی سیاست میں استعمال کیا۔ چند دن پہلے سندھ اور اسمبلی کے فلور پر یہی نعرہ فریال تالپور نے ایک بار پھر بُلندکیا لیکن اس دفعہ یہ انگریزوں کے خلاف نہیں بلکہ عوامی مُفادات کے خلاف اور اُن سے مُتصادم ہے۔ کیونکہ اس دفعہ سندھ پر کوئی بیرونی یلغار نہیں ہورہی بلکہ سندھ کو اندرونی یلغار یعنی گورننس کی بدحالی اور لاقانونیت سے بچانے کے لیئے مزید صوبوں میں تقسیم کرنا ناگزیر ہے۔ سندھی عوام کی ابتری چیخ چیخ کر اعلان کر رہی ہے کہ یہاں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔ کراچی جو آبادی کے لحاظ سے دُنیا کے دس بڑے شہروں میں شامل ہے مگر کراچی میں پینے کا صاف پانی،میڈیکل کی سہولت اور اشیائے خوردونوش جیسی بُنیادی ضروریات کی صورتحال درد ناک ہے۔ چند پوش علاقوں کو چھوڑ سڑکیں ٹُوٹی پُھوٹی اور کرائم ریٹ اپنی انتہاؤں کو چُھو رہا ہے۔
اسی طرح سن 1990ء کے عام انتخابات کے دوران نواز شریف نے اسلامی جمہوری اتحاد کی قیادت کرتے ہوئے پنجاب میں بے نظیر بھٹو کے خلاف ووٹ لینے کے لیئے نعرہ لگایا “جاگ پنجابی جاگ، تیری پگ نوں لگ گیا داغ۔” آج سن 2026ء میں یہی نعرہ وزیراعلٰی پنجاب لگا رہی ہیں جو کہ نوازش شریف کی صاحبزادی اور اُن کی سیاسی جاں نشین ہیں۔ آئینِ پاکستان کے مطابق پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے حقیقی مالک پاکستانی عوام ہیں یہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں نون لیگ کی حکومت ہے اور یہ دونوں وہ پارٹیاں ہیں جنہوں نے اس مُلک پر دونوں صوبوں پر تسلسل اور مرکز میں بھی کئی بار حکومتیں بنائی ہیں۔ آج پاکستانی عوام بُنیادی سہولتوں کے فقدان اور مہنگائی کی وجہ سے بُلبُلارہے ہیں اور اُن کا کوئی پُرسان حال نہیں جبکہ مُلک کنگھال اور ان دونوں پارٹیوں اور ان کے سربراہان کے اثاثے اور کاروبار کھربوں میں ہیں۔ آج اگر پاکستان میں کسی اچھے کام پر یہ دونوں پارٹیاں حق جتاتی ہیں تو پاکستانی عوام کی تمام محرومیوں کی ذمہ دار بھی یہی دونوں پارٹیاں ہیں۔
اگر پاکستان میں بسنے والے لوگوں کی علاقائیت کی بنا پر تقسیم کی جائے تو ان میں سندھی، بلوچی، پٹھان اور پنجابی چار بڑی قومیں آباد ہیں۔ پاکستانی سیاست میں کشمیریوں، شمالی علاقہ جات اور سرحدی صوبے (کے پی کے) کی سیاسی اشرافیہ نے کبھی بھی علاقائی سیاسی کارڈکا غلط استعمال نہیں کیا۔ تاہم بلوچ، پنجابی او سندھی قیادت متعدد بار علاقائی کارڈز کی بنا پر اپنے صوبوں کے عوام کو ایموشنل بلیک میل کرکے اُن کی طاقت کو اپنے ذاتی سیاسی مُفادات کے لیئے استعمال کرتےرہے ہیں۔ یہ پاکستانی تاریخ کا حصہ ہے کہ بین الاقوامی استعماری قوتوں کے علاوہ بھارت اور افغانستان پختون قوم کو پاکستان کے خلاف ورغلاتی اور بہکاتی رہی ہیں اور اس بیرونی نیریٹیو کی کسی حد تک چند قومیت پرست سیاستدان اور مذہبی رہنماء بھی اپنے اپنے ایجنڈے اور مُفادات کے لیئے ہمنوائی کرتے رہے ہیں۔ اسی طرح آج کل مُلک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی پارٹی ہونے کا دعوٰی کرنے والی ایک سیاسی جماعت نے بھی ذاتی مُفادات کی خاطر مرکز ی حکومت مخالف اپنا سیاسی قلعہ بنا رکھا ہے۔

Comments

No comments yet. Why don’t you start the discussion?

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *